11 مارچ کورمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 11 مارچ کو رمضان المبارک کا چاند نظرآنے کے قوی امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند10مارچ بروز اتوارکو دوپہر2 بجے پیداہوگا، چاند کی عمر11مارچ کو 28گھنٹے سے زائد ہوگی، اس لیے 11 مارچ کو رمضان کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ 11مارچ کو وسطی اور زیریں سندھ اور بلوچستان میں مطلع صاف رہنے کا امکان ہے،ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی سسٹم اور مطلع ابرآلود ہونے کے سبب موسم چاند کی رویت کے لیے بہت زیادہ سازگار نہیں ہوگا۔

دوسری جانب رویت ہلال کمیٹی ریسرچ کونسل کے جنرل سیکرٹری خالد اعجاز مفتی نے بھی کہا ہے کہ امکان ہے کہ پہلا روزہ منگل 12مارچ کو ہو گا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 11 مارچ بروز پیر شام کو مطلع صاف ہونے کی صورت میں ہلال کی رویت بہ آسانی ممکن ہے لہذا امکان ہے پہلا روزہ منگل 12مارچ 2024 کو ہو گا۔ 10 مارچ کی شام دنیا کے کسی بھی اسلامی ملک میں ہلال کی رویت ممکن نہیں ہے۔

نیا چاند 10 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق بعد دوپہر 2 بجے پیدا ہو گا۔ 29 شعبان المعظم یعنی سوموار 11 مارچ کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو رویتِ ہلال کے لئے 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے، وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 28 گھنٹوں سے زائد ہو گی۔

غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے، وہ کراچی میں 73منٹ، جیوانی میں 74 منٹ، لاہور اور کوئٹہ میں 76 منٹ، اسلام آباد میں 77 منٹ، پشاور، چارسدہ اور مظفر آباد میں 78 منٹ جبکہ گلگت میں 79 منٹ ہو گا لہذا پاکستان کے جن علاقوں میں بھی مطلع صاف ہوا وہاں ہلال کی رویت بہ آسانی ممکن ہو گی لہذا امید ہے منگل 12 مارچ سے رمضان المبارک کا آغاز ہو گا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں