قوم کی حمایت سے خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب تربیتی مشقوں میں مصروف جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے مادر وطن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے رحیم یار خان کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف نے رحیم یار خان میں جاری تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا جہاں آرمی چیف کی تربیتی مشقوں میں مصروف جوانوں سے ملاقات ہوئی، جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب تربیتی مشقوں میں مصروف جوانوں کے ساتھ دن گزارا، اس دوران آرمی چیف کو مشق ، شمشیر صحرا ، سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشق کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے درکار پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ تھا، آرمی چیف نے آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری کی مشقوں کا معائنہ کیا، انہوں نے ایئر ڈیفنس، اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل سمیت مختلف عناصر کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں کا بھی مشاہدہ کیا، مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا، اس مشق میں الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا ہے

جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے مادر وطن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں، مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہئے۔ ادھر پاکستان رینجرز کے زیرِ اہتمام بہاولنگر کے علاقے میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ، میڈیکل کیمپ میں مستحق لوگوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور ادویات بھی مہیا کی گئیں، “ڈیزرٹ رینجرز” کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ سے 440 افراد نے استفادہ کیا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، مقامی آبادی اور کیمپ میں موجود مریضوں نے پنجاب رینجرز کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو سراہا، شہریوں نے عوامی فلاح کے اقدام کو جاری رکھنے کا مطالبہ کیا اور فورس کا شکریہ ادا کیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں