پہاڑ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے‘ عوام کو ہم سے بہت توقعات ہیں، نوازشریف قائد مسلم لیگ ن نے وزیراعظم شہبازشریف کو جلد وفاقی کابینہ تشکیل دینے کی ہدایت کردی

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم کو جلد وفاقی کابینہ تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد ن لیگ نوازشریف کی زیرصدارت پارلیمنٹ لاجز میں حکمران جماعت کا اجلاس ہوا جہاں وزیراعظم شہباز شریف سمیت ن لیگ کی سینئر قیادت نے اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وزیرِ اعظم آپ جلد کابینہ تشکیل دیں اور منشور پر عمل درآمد شروع کریں کیوں کہ پہاڑ جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے اور عوام کو ہم سے بہت توقعات ہیں، اس صورتحال میں مہنگائی میں کمی ناگزیر ہے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ غیر رسمی مشاورت میں اہم قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، مسلم لیگ ن کے اس مشاورتی اجلاس میں خاص طور پر پیپلز پارٹی کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے پر مشاورت کی گئی، اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے کے بعد ان سے پھر گزارش کروں گا۔

اس ضمن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کابینہ سے متعلق حتمی فیصلے ہو جائیں گے، صدارتی انتخاب کے بعد کابینہ کی تشکیل مکمل ہو جائے گی اور جلد ہی حلف اٹھائے گی، ایم کیو ایم پاکستان صدارتی الیکشن میں آصف علی زرداری کو ووٹ دے گی، اس حوالے سے ان کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، آج آصف زرداری بھاری اکثریت سے صدر مملکت منتخب ہوں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر صحافیوں سے گفتگو میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عارف علوی کی مدت الیکشن سے پہلے ہی مکمل ہوچکی تھی، ان کو اصولی طور پر چاہیئے تھا وہ چھوڑ کر چلے جاتے تاہم انہوں نے آخری وقت بھی گارڈ آف آنر لینا ضروری سمجھا، آج ایوان پولنگ سٹیشن ہے امید ہے آج نعرے بازی نہیں ہوگی اور ایوان کا تقدس پامال نہیں ہوگا، اگر یہ نعرے بازی کرتے ہیں تو یہ ان کا فعل ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ اس کی کوئی گنجائش ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں