برطانوی پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے چھٹی والے دن لندن کے بکنگھم پیلس کے دروازے سے ایک کار ٹکرائی تھی۔
خبر رساں ایجنسی ”اے ایف پی“ کے مطابق میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ کار ہفتے کو عالمی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شاہی رہائش گاہ کے گیٹس سے ٹکرائی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسلح افسران نے مجرمانہ نقصان کے شبے میں جائے وقوع سے کار ٹکرانے والے شخص کو گرفتار کیا اور اسے اسپتال لے جایا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور حالات کے تعین کے لیے پوچھ گچھ جاری ہے۔
برطانوی شاہی خاندان کی سرکاری رہائش گاہ بکنگھم پیلس میں حفاظتی اقدامات سخت ہیں، دارالحکومت کے وسط میں واقع عمارت کی مسلح افسران کے ذریعے مسلسل نگرانی ہوتی ہے۔
محل کو ماضی میں بھی نقصان پہنچانے کی متعدد کوششیں کی جاچکی ہیں۔
گزشتہ سال ستمبر میں 25 سالہ شخص کو شاہی اصطبل میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
گزشتہ سال مئی میں کنگ چارلس سوم کی تاج پوشی کے موقع پر بکنگھم پیلس کے میدان میں شاٹ گن کے کارتوس پھینکنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اسی ماہ ایک 43 سالہ شخص کو برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کے گھر ڈاؤننگ اسٹریٹ کی حفاظت کرنے والے گیٹ سے اپنی کار ٹکرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔