پوپ فرانسس نے روس سے جنگ ختم کرنے کے لیے یوکرینی صدر سے مطالبہ کر دیا ہے، پوپ نے کہا کہ سفید جھنڈا دکھاتے ہوئے روس سے جنگ ختم کرنے کے لیے بات چیت کرے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پوپ فرانسس کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ یوکرین سفید جھنڈا دکھاتے ہوئے حوصلہ دکھائے اور روس سے جنگ ختم کرنے کے لیے بات چیت کرے۔
پوپ کا کہنا تھا کہ دو سال سے جاری اس جنگ میں ہزاروں شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں، تاہم اس پر یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینکسی کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
انٹرویو میں میزبان نے پوپ فرانسس سے روس یوکرین تنازع پر یہ جاننا چاہا کہ کیا فرانس کو قدم پیچھے لے لینا چاہیے کیونکہ وہ روس کو شکست نہیں دے پا رہا ہے۔
اس پر پوپ نے ’White Flag‘ کے الفاظ کا استعمال کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک تشریح ہے، تاہم حقائق پر مبنی ہے۔ پوپ کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں طاقتور وہ ہے، جو کہ صورتحال کو دیکھے اور لوگوں کے بارے میں سوچے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے پاس سفید جھنڈا لہرانے کا حوصلہ ہو، اور بات چیت کا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پوپ نے پہلی مرتبہ ’Negotiate‘ لفظ کو یوکرین اور روس تنازع میں استعمال کیا ہے، تاہم انہوں نے اس سے قبل بات چیت کے حوالے سے ماضی میں ضرور کہا ہے۔
گزشتہ سال بھی 87 سالہ پوپ فرانسس نے امن ایلچی کارڈینال میٹیو کو روس اور یوکرین کے دارالحکومت بھیجا تھا، جبکہ واشنگٹن بھی بھیجا تھا۔