اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنے کو تیار ہے جبکہ ٹیکسٹائل اور اسٹیل جیسے شعبوں میں چینی مشترکہ منصوبوں کے منتظر ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ ترقی، خوشحالی اور بہتری کی جانب گامزن ہیں اور دونوں ممالک مشترکہ اقدار کو لے کر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی نے اب مزید بلندیوں کو حاصل کرنا ہے۔ حالیہ برسوں میں چیلنجوں کے باوجود چین کی ترقی اب بھی دوسرے ممالک کے مقابلے میں بتدریج آگے بڑھی ہے جو ایک قابل ذکر کامیابی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان غربت کے خاتمے، نوجوانوں کے روزگار کو فروغ دینے اور شہری اور دیہی علاقوں میں زرعی، صنعتی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کے ماڈل سے سیکھ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اب سی پیک کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنے کے لیے تیار ہے، جس کا مقصد راہداری کے ذریعے تکنیکی ترقی اور زراعت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل قائم کی ہے جو سرخ فیتے کا خاتمہ کرے گی اور سی پیک منصوبوں میں تاخیر اور دوسرے مسائل کو دور کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان صنعتی پارکس اور ایکسپورٹ زونز بنانے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہے جبکہ ٹیکسٹائل اور اسٹیل جیسے شعبوں میں چینی مشترکہ منصوبوں کے منتظر ہیں جو چینی ٹیکنالوجیز کو پاکستان کی سستی افرادی قوت کے ساتھ جوڑ دیں گے۔ ان مشترکہ منصوبوں کے ذریعے زراعت، صنعت، آئی ٹی وغیرہ میں اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کی جا سکیں گی تاکہ لاکھوں ملازمتیں اور دولت پیدا ہو اور ہماری پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان درآمدی ایندھن کی لاگت کو کم کرنے اور اس کے بجائے رقم کو ترقی پر خرچ کرنے کے لیے اپنے ٹرانسپورٹ سسٹم کو برقی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ پاکستان چین اور دیگر ممالک سے صاف توانائی کی ٹیکنالوجی حاصل کرنے کا بھی منصوبہ رکھتا ہے۔