اسلام آباد: پاکستان میں رواں سال پولیو وائرس کا دوسرا کیس سامنے آ گیا۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق بلوچستان کے ضلع چمن سے تعلق رکھنے والے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ پولیو لیبارٹری کے مطابق بچے میں معذوری کی علامات 29 فروری کو ظاہر ہوئیں۔
بچے سے لیے گئے نمونوں میں پائے جانے والے پولیو وائرس کا تعلق سرحد پار سے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان سے پولیو کا کیس رپورٹ ہوا تھا جو رواں سال کا پہلا کیس تھا۔ بلوچستان میں گزشتہ روز 3 سال بعد پولیو کا کیس سامنے آیا تھا۔
بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے رہائشی ڈھائی سالہ بچے میں پولیو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔
بچے کے ٹیسٹ کے لیے نمونے 22 فروری 2024 کو لیے گئے تھے جس میں اب پولیو وائرس کی موجودگی ثابت ہوئی۔ بلوچستان میں آخری پولیو کا کیس 3 سال قبل فروری 2021 میں قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوا تھا۔
محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان کے ماحولیاتی نمونوں میں گذشتہ برس اگست کے مہینے سے پولیو وائرس کی موجودگی پائی جا رہی ہے، پولیو کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر صوبے کے 9 اضلاع میں خصوصی پولیو مہم 24 مارچ سے شروع ہو گی۔