کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے صارفین کے اکاؤنٹ کو سائبر حملہ آوروں سے محفوظ کرنے کے لیے نیا پاسورڈ سیکیورٹی الرٹ متعارف کرا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسورڈ بوسٹ فارم جو کہ گوگل کے وسیع سیکیورٹی اپ گریڈ کا ایک حصہ ہے سب سے پہلے آئی فون اور کمپیوٹر صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جبکہ اس ماہ کے آخر میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
اس سے قبل گوگل اپنے صارفین کو کسی ڈیٹا خلاف ورزی میں ان کا پاسورڈ لیک ہونے کے متعلق آگاہ کیا کرتا تھا لیکن اب صارفین کو ایسے پاسورڈ کے متعلق بھی بتایا جائے گا جو نہ صرف غیر محفوظ ہوں گے بلکہ ان پاسورڈز کے متعلق بھی بتایا جائے گا جو کمزور ہوں گے اور جن کو دوبارہ استعمال کیا جا رہا ہو گا۔
ڈیٹا خلاف ورزیوں میں پاسورڈز کا لیک ہوجانا ایک معمول کی بات ہے اور اس طرح کے واقعات ایک وقت میں ہزاروں افراد کو متاثر کر سکتے ہیں۔
چند روز قبل ٹی وی اسٹریمنگ کمپنی روکو نے بتایا تھا کہ دسمبر کے بعد سے 2 مختلف سائبر حملوں میں 15 ہزار سے زائد صارفین کے اکاؤنٹ کو ہیک کر لیا گیا تھا۔
بلپنگ کمپیوٹر کے مطابق ہیک کیے گئے ہر روکو اکاؤنٹ کو ڈارک ویب پر 50 سینٹ میں فروخت کیا گیا تھا۔