سعودی حکام نے ناقص کھجوریں ذخیرہ کرنے اور انہیں مشہور مصنوعات کو دھوکے سے نئے ایکسپائری لیبل کے ساتھ دوبارہ فروخت کرنے میں ملوث غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی عرب کے شہر جنوبی ریاض میں ایک اپارٹمنٹ کے اندر آدھی رات کو وزارت تجارت کی ٹیم نے وزارت انسانی وسائل اور سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ساتھ مل کر چھاپہ مارا، اور ایکسپائری تاریخوں کو نئی تاریخوں سے بدل کر رکھے گئے پھلوں کی پریمیم اقسام کے لیبل والے پیکٹ قبضے میں لیے۔
حکام نے اس دوران سات مشتبہ افراد کو مملکت کے اینٹی کمرشل فراڈ قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا۔
ضبط شدہ سامان میں 400 کلو گرام غیر معیاری کھجوریں، 3000 خالی پلاسٹک کے پیکٹ، 5000 گتے کے کریٹس جو پیکیجنگ کے لیے استعمال ہوتے ہیں، 100,000 اسٹیکرز جن پر کھجور کے متعدد برانڈز کے نام اور جعلی ایکسپائری لیبل شامل تھے۔
سعودی قانون کے تحت، تجارتی دھوکہ دہی کی سزا تین سال تک قید اور زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ رالن جرمانہ ہے۔
اس کے علاوہ حتمی فیصلہ جاری ہونے کے بعد مجرم کو شرمندہ کرنے کیلئے اس کے نام کی تشہیر بھی شامل ہے۔
مزید برآں، اگر مجرم غیر ملکی ہے تو اسے مملکت سے جلاوطن کر دیا جائے گا اور دوبارہ داخلے سے روک دیا جائے گا۔