پیوٹن نے مغرب کو تیسری جنگِ عظیم سے خبردار کردیا اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ سرحد یوکرینی حامی فوجیوں کے حملوں سے محفوظ رہے، روسی صدر

پانچویں بار روسی صدر منتخب ہونے والے ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں مغربی افواج کی موجودگی اور نیٹو کی مداخلت دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر دھکیل سکتی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ”دی گارڈین“ کی رپورٹ کے مطابق 17 مارچ کی شام انتخابات میں کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے مغربی ممالک کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو بتایا کہ اس طرح کے ردعمل کی انہیں توقع تھی۔

انہوں نے اپنے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آپ ان سے کیا امید کر رہے تھے؟ کیا یہ ہمارے لیے تالیاں بجائیں گے؟ وہ ہمارے خلاف ہیں، ان کا مقصد ہماری ترقی کو محدود کرنا ہے، اس لیے وہ کچھ بھی کہتے رہیں گے۔‘

روسی صدر نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ سرحد یوکرینی حامی فوجیوں کے حملوں سے محفوظ رہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بطور صدر ان کا پہلا کام یوکرین جنگ سے نمٹنا، فوج کو مضبوط بنانا اور دفاع کو بہتر بنانا ہے

جب ان سے نیٹو کے ساتھ براہ راست تصادم کے امکان کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’آج کی دنیا میں کچھ بھی ممکن ہے.، یوکرین میں مغربی فوج کی موجودگی دنیا کو تیسری جنگ عظیم کے دہانے پر پہنچا سکتی ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی ایسا چاہتا ہے۔‘

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں