لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ملک کے 3 بڑے اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں نیسپاک حکام نے تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائن کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی سے قبل ملک کے 3 بڑے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ جس میں کراچی کا نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم، لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم شامل ہیں۔
محسن نقوی نے پی سی بی حکام کے ساتھ ابتدائی ڈیزائن کا تفصیلی جائزہ لیا اور تینوں اسٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کی سہولتوں کی بہتری کے لیے نیسپاک حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
چیئرمین پی سی بی نے اپ گریڈیشن کا حتمی پلان جلد تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم، قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹیڈیمز میں سہولتوں کی بہتری کے ساتھ میچ ویو کو بہتر بنانے کا پلان بھی تیار کیا جائے۔ محسن نقوی نے ہاسپٹلٹی باکسز میں اضافے اور نشستوں کو آرام دہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔