ناران میں گلیشیئر نے تباہی مچا دی، کئی ہوٹل دب گئے

بالاکوٹ: سیاحتی مقام ناران میں گلیشیئر نے تباہی مچا دی، کئی ہوٹل گلیشیئر گرنے سے دب گئے۔

ڈی جی کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) محمد شبیر خان نے کہا ہے کہ ناران سے سیف الملوک جھیل جانے والی شاہراہ پر برفانی گلیشیئر گرنے سے کئی ہوٹل دب گئے ہیں جس سے بعض ہوٹلوں کی عمارتوں کو نقصان بھی پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناران کے راستے برفباری کے باعث بند ہیں اس لیے نقصانات کی مصدقہ تفصیلات نہیں مل سکیں۔ جب تک ٹیم موقع پر نہیں پہنچتی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ صورت حال کے پیش نظر کے ڈی اے کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے اور نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے، متاثرین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ناران روڈ بحال ہونے کے فوری بعد متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد کریں گے۔ ناران میں درجنوں ہوٹلز کے گلیشیئر کی زد میں آکر تباہ ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ تحصیل انتظامیہ اور محکمہ مال کے ساتھ ملکر ابتدائی معلومات لے رہے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی امین الحسن نے کہا کہ نومبر، دسمبر میں یہ علاقہ برف باری سے مکمل بند رہتا ہے اور اس بار بھی راستے نومبر، دسمبر سے برفباری کی وجہ سے بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں گلیشیئر آنا ایک نارمل بات ہے کیونکہ اس موسم میں گلیشیئر گرتے ہیں۔ 2 دن پہلے یہ گلیشیئر گرا ہے اور سوشل میڈیا سے خبر اب پہنچی ہے۔ اطلاعات کے مطابق 8 ہوٹل گلیشیئر کی زد میں آئے ہیں۔

امین الحسن نے کہا کہ تحصیل انتظامیہ اور محکمہ مال واقعہ سے متعلق تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں