کراچی کے علاقے سولجر بازار میں گزشتہ روزجھلس کر جاں بحق ہونے والے ریٹائر پولیس اہلکار کو اس کے بیٹوں نے گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کے لیے لاش کو آگ لگا دی تھی۔پولیس نے مقتول پوسٹ مارٹم میں قتل ثابت ہونے کے دونوں بیٹوں کو گرفتار کر کے سرکاری مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیاہے۔
تفصیلات کے مطابق سولجر بازار ایک نمبرگل رانا کالونی میں ہفتے کو گھر سے ایک شخص کی جھلسی ہوئی لاش ملی تھی ،مقتول کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں جاں بحق ہونے والے کی شناخت 65 سالہ سلیم انصاری ولد محفوظ انصاری کے نام سے کی گئی۔ایس ایچ او سولجر بازار اسد الہی نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ جھلس کر جاں بحق ہونے والا ریٹائرڈ پولیس اہلکار تھا اور سولجر بازار پولیس اسٹیشن میں ہی ڈیوٹی کے دوران ریٹائرڈ ہوا تھا۔
مقتول اہلیہ سے علیحدگی کے بعد گھر کی پہلی منزل پر اکیلا رہائش پذیر تھا جبکہ اسی گھر میں نیچے اس کا ایک شادی شدہ بیٹا رہائش پذیر تھا۔مقتول کے 2 بیٹے ہیں جس میں ایک پولیس اہلکار ہے اور وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہائش پذیر ہے ، مقتول کی پرچون کی چھوٹی سی دکان تھی جسے وہ چلاتا تھا اور ابتدائی تحقیقات میں شبہ تھا کہ متوفی نے خود سوزی کی جبکہ گھر کا دروازہ بھی اندر سے بند تھا تاہم کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے تو پتہ چلا کہ یہ قتل کا واقعہ تھا۔
مقتول کا پولیس اہلکار بیٹا عمران چاہتا تھا کہ اس کے والد کا پوسٹ مارٹم نہ کرایا جائے تاہم ایس پی لیاقت آباد ڈویژن علینہ راجپر اس بات پر راضی نہیں ہوئیں اور پوسٹ مارٹم کرا لیا جس کی رپورٹ کے مطابق مقتول پولیس اہلکار سلیم انصاری کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا تھا ، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور میڈیکل کی روشنی میں مقتول کے بیٹوں پر مقدمہ الزام نمبر 122/2024 بجرم دفعہ 302/34 کے تحت درج کر لیا گیاہے۔
ایس ایچ او سولجر بازار اسد الہی نے بتایا کہ مقتول ریٹائرڈ پولیس اہلکار کے بیٹے اور حاضر سروس پولیس اہلکار عمران نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر باپ کا گلا گھونٹ کر قتل کیا اور اپنے باپ کا پوسٹ مارٹم رکوانے میں بڑا کردار ادا کیا ، واقعے کو حادثے کو خود کشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ، لیکن پوسٹ مارٹم پروسس میں معاملہ قتل ثابت ہوگیا۔ سولجر بازار پولیس کی جانب سے مقتول کے دونوں بیٹوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔