ایرانی سفارتی تنصیبات پر اسرائیل کا فصائی حملہ، 2 کمانڈروں سمیت 7 جاں بحق شام میں قونصل خانے اور سفیر کی رہائشگاہ کو نشانہ بنایا گیا

شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے ایک سفارتی کمپاؤنڈ میں عمارتوں کو اسرائیلی طیاروں نے میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ جس کے نتیجے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے 2 کمانڈروں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حملے میں ایرانی قونصلیٹ اور سفیر کی رہائشگاہ تباہ ہوگئی تاہم سفارتخانے کی مرکزی عمارت محفوظ رہی۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق پیر کی شب دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے میں سینیئر ایرانی فوجی بریگیڈیئر محمد رضا زاہدی اور ان کے نائب بریگیڈیئر محمد ہادی سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایرانی سفیر نے بتایا کہ حملے میں سفارتخانے کے قونصلر سیکشن اور ان کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا، دونوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

اطلاعات کے مطابق پاسداران انقلاب کے افسران قونصل خانے کی عمارت میں تھے۔

شام کی وزارت دفاع کے مطابق ایئر ڈیفنس سسٹم نے کئی میزائل مار گرائے لیکن کچھ ہدف تک پہنچ گئے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس حملے کو تمام سفارتی کنونشنز اور عالمی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ایران جواب کا حق رکھتا ہے اور کس طرح کا جواب دے گا اس کا فیصلہ خود کے گا۔

شام کے وزیر خارجہ نے اسرائیلی کارروائی کو دہشت گرد حملہ قرار دیا۔

روس نے کہا ہے اسرائیل نے ناقابل قبول جارحیت کی ہے جبکہ امریکہ کی جانب سے کہا گیا کہ صدر جو بائیڈن صورت حال کو دیکھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ کئی برسوں کے دوران اسرائیل نے شام میں سیکڑوں فضائی حملے کیے، جن میں بنیادی طور پر ایرانی اور لبنانی حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں