عید کے بعد حکومت کیخلاف دما دم مست قلندر کرنے کی تیاریاں، تحریک انصاف اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنانے میں کامیاب، محمود اچکزئی سربراہ مقرر۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کیخلاف تحریک کے آغاز کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف کئی اپوزیشن جماعتوں کو ایک چھت تلے جمع کرنے میں بھی کامیاب ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عید کے فوری بعد تحریک انصاف وفاقی حکومت کیخلاف دما دم مست قلندر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کیخلاف تحریک کیلئے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشترکہ گرینڈ الائنس تشکیل دے دیا جس کی سربراہی محمود اچکزئی کو دینے پر اتفاق کرلیا گیا ہے
ذرائع کے مطابق اس اتحاد میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے محمود اچکزئی سربراہی کریں گے اور وہ 3 دن کے اندر مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کر کے اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پہلے سے ہی حکومت کے خلاف جانے کی کال دے چکے ہیں، محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرے گی۔ پی ٹی آئی اور جے یو آئی محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ساتھ چلیں گے جبکہ الائنس میں جماعت اسلامی کو بھی بڑا عہدہ ملنے کے امکانات ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے منگل کے روز اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں جماعت اسلامی سے لیاقت بلوچ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے اختر مینگل، تحریک انصاف کے چیئرمین گوہر خان، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں تحریک انصاف کے اسد قیصر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی شرکت کی۔ اہم بیٹھک میں اپوزیشن اتحاد کی تشکیل سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی جبکہ کچھ اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ ان فیصلوں کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔