تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں 25 سالہ ملکی تاریخ کا شدید ترین زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، درجنوں عمارتیں زمین بوس ہونے سے7 افراد ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہوگئے زلزلے کے بعد جاپان اور فلپائن میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھیں جسے بعد میں واپس لے لیا گیا. غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے آیا، امریکی جیولوجیکل سینٹر کا کہنا ہے کہ تائیوان میں آج صبح 7.6 شدت کا زلزلہ تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب آیا، جبکہ گہرائی 18 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی زبردست زلزلے کے بعد تائیوان اور جاپان سمیت فلپائن میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئیں
تائیوان میں حکام نے ٹیکسٹ میسج کے ذریعے سونامی کی وارننگ جاری کی ہے ساحلی علاقوں میں لوگوں کو چوکس رہنے اور سخت احتیاط برتنے اور لہروں میں اچانک اضافے سے پیدا ہونے والے خطرات کے حوالے سے بھی خبردار کیاابتدائی طور پر زلزلے کے جھٹکے پورے تائیوان میں محسوس کیے گئے بعدازاں کم از کم 58 آفٹر شاکس آئے اور ان میں سے دو کی شدت 6 سے زیادہ تھی.
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں تائیوان حکومت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ800کے قریب زخمی ہیں سینکڑوں افراد ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں. زلزلے کے بعد تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے، لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے، جبکہ متعدد عمارتیں ایک جانب جھک گئیں حکام کا کہنا ہے کہ یہ زلزلہ 1999 کے زلزلے کے بعد 25 سالوں میں سب سے زیادہ طاقتور زلزلہ ہے، زلزلےکے بعد شدید متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا.