رونالڈو نے متحدہ عرب امارات میں کاروبار شروع کر دیا

دبئی: مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں نئے کاروبار کا آغاز کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے کھانے کے شوقین مداحوں کے لیے ابوظہبی میں ریستوران کھول لیا۔ جہاں لوگ اطالوی کھانوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ریستوران کا نام ’ٹوٹو‘ رکھا ہے۔ رونالڈو کے ریستوران کا ماحول جدید طرز پر کافی آرام دہ، نفیس اور رومانوی بنایا گیا ہے تاکہ وہاں آنے والوں کو ایک الگ سا احساس ہو سکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ریستوران اطالوی کھانے فراہم کرے گا جس کے مینیو میں پیزا، مچھلی، ہاتھ سے بنا پاستا اور مزیدار گوشت شامل ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ریستوران میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ فراہم کردہ کھانوں کا ذائقہ ایسا عمدہ ہو کہ کھانے والوں کو ابوظہبی میں بیٹھے بیٹھے ہی اٹلی پہنچا دے۔

عوام کے لیے یکم اپریل سے اس ریستوران کو کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا، آنے والوں کو یہاں پیانو کی دھنوں اور براہِ راست موسیقی سے لطف اندوز ہونے کا بھی موقع ملے گا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں