’آپ مشکل آنے پر ملک سے پہلی فرصت میں بھاگنے والے ہیں‘ اخبارات میں یوم تکبیر کے اشتہار پر تحریک انصاف کی حکومت پر شدید تنقید

یومِ تکبیر کے موقع پر اخبارات میں آدھے صفحے کے اشتہار پر تحریک انصاف نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ذاتی تشہیر کے لیے عوام کے ٹیکس کے پیسے کو مال مفت سمجھ کر اخبارات پر لٹانا مسلم لیگ ن کا پرانا وطیرہ ہے، ان لوگوں کے لیے اطلاعاً عرض ہے کہ یوں غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی اشتہارات پر خرچ کر کے آپ کوئی نیک نامی نہیں سمیٹ رہے الٹا بددعائیں ہی ملیں گی۔

تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جہاں تک بات ہے 28 مئی اور “وطن کی رکھوالی ” کی تو اس کی حقیقت ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی زبانی قوم بارہا سن چکی ہے، آپ 28 مئی والے نہیں بلکہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے، پانامہ لیکس والے، ایون فیلڈز والے اور مشکل آنے پر ملک سے پہلی فرصت میں بھاگنے والے ہیں۔

ادھر وزیرِاعظم شہباز شریف نے 28 مئی یوم تکبیر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، اس دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کیلئے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں، جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے، 28 مئی یوم تکبیر اس وقت کے وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے، آئیں اس روز ہم یہ عہد کریں کہ نا صرف بیرونی دشمنوں بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں