ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 2 سے 3 روز بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 6 سے 7 جون تک صوبے کے مختلف اضلاع میں گرد آلود ہواؤں اور طوفانی بارش کی پیشگوئی کی ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسم کی صورتحال پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے کیوں کہ لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، خوشاب اور میانوالی سمیت دیگر اضلاع میں بارش اور مٹی کے طوفان کی پیشگوئی ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخواکے بعض بالائی علاقوں میں بارش کی توقع ہے، اس دوران چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور کوہستان میں بارش کا امکان ہے، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، مردان، کرم، شانگلہ، بونیر اور مالاکنڈ میں بھی بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر بالائی اضلاع میں موسم گرم رہے گا، ان اضلاع میں آندھی چلنے کا بھی امکان ہے، ملک کے بعض میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔