کراچی: لسبیلہ چوک پر بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج، ٹریفک جام میں مسلح افراد کی لوٹ مار مظاہرین کی جانب سے سڑک بلاک کرنے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں

کراچی میں پٹیل پاڑہ، لسبیلہ ، گارڈن میں بجلی کی مسلسل عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کیا جبکہ کچھ مقامات پر مسلح افراد نے ٹریفک جام میں پھنسے افراد سے لوٹ مار کی۔

احتجاج میں عورتوں اور بچوں نے بھی حصہ لیا، اس دوران مشتعل مکینوں نے سڑک پر ٹائر جلائے اور گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔

سڑک ٹریفک کے لئے بند ہونے کے باعث گرومندر، تین ہٹی، لسبیلہ چوک ، پٹیل پاڑہ، نمائش ،سولجر بازار، جمشید روڈ ، لیاقت آباد اور ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، اس دوران ایمبولنسز بھی پھنسی رہیں۔

ٹریفک جام کے دوران پٹیل پاڑہ اور ملحقہ علاقوں میں مسلح افراد نے ٹریفک میں پھنسے شہریوں سے لوٹ مار بھی کی اور چار گھنٹے تک جاری رہنے والا احتجاج بعد ازاں پولیس کی یقین دہانی پر ختم کردیا گیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں