حکومت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان 15 جون کو کرے گی
عید الاضحیٰ سے پہلے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے، جس کے بعد آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات 9 روپے 28 پیسے تک سستی ہونے کا امکان ہے، 16جون سے پیٹرول کی قیمت 9 روپے 28 پیسے تک کم ہوسکتی ہے، اسی طرح حکومت آئندہ 15 روز کے لیے ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 2 پیسے کم کرسکتی ہے اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت 2 روپے تک کم ہونے کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، اسی لیے عالمی مارکیٹ سے قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے حتمی قیمت کا اندازہ 13 اور 14 جون کی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے تحت کیا جائے گا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اوگرا عالمی مارکیٹ کے تناسب سے ورکنگ 15 جون کو حکومت کو بھجوائے گا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے، جس کے بعد وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن 15 جون کو جاری کرے گی
دوسری طرف حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، بجٹ دستاویزات میں پٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر پر 20 سے 25 روپے اضافی پٹرولیم لیوی وصول کرنے کی تجویز ہے، پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 20 روپے اضافہ ہو گا، یوں فی لیٹر پر پٹرولیم لیوی 60روپے سے بڑھ کر 80 روپے ہو جائے گی جب کہ مٹی کے تیل، ہائی اوکٹین، لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور ایتھنول پر پٹرولیم لیوی 25 روپے بڑھائے جائسکتی ہے، جس کا مطلب ہے ان پٹرولیم مصنوعات پر عائد پٹرولیم لیوی 50 روپے سے بڑھ کر 75 ہو جائے گی۔