فنانس ترمیمی بل کی منظوری سے موبائل فون، اسٹیشنری، گوشت، ادویات اور دیگر اشیاء مہنگی ہوجائیں گی بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی بڑھ جائیں گے، یکم جولائی سے مہنگائی کا سونامی آنے کا امکان

ملک میں یکم جولائی سے مہنگائی کا سونامی آنے کا امکان ہے۔ فنانس ترمیمی بل کی منظوری سے گوشت، موبائل فون، ہربل اور ہومیوپیتھک ادویات مہنگی ہوجائیں گی۔ بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی بڑھ جائیں گے۔

ترمیمی بل کی منظوری کے بعد مرغی، گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا، جب کہ موبائل فونز کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہےاور جہاں ہربل اور ہومیوپیتھک ادویات مہنگی ہوں گی وہاں نزلہ زکام ہوا تو جوشاندہ خریدنا بھی بھاری پڑے گا۔

فنانس بل میں اسٹیشنری پر دس فیصد ٹیکس عائد ہوگا اور کلر پینسل کے سیٹ، روشنائی، ای ریزر، پینسل، شاپنرز ، پن، بال پین، اور مارکرز پر بھی دس فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔

جانوروں کے لیے کھل اور دیگر سولڈ باقیات، پولٹری، مویشیوں کی فیڈ اور سورج مکھی کے بیج اور کینولا بیج سے تیار خوراک پر دس فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ پانچ سو ڈالر سے کم قیمت والے درآمدی موبائل فون ، پرزہ جات اور مقامی تیار موبائل فونز پراٹھارہ فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔

ٹیکس چوروں کو بھاری جرمانے اور دس سال تک قید کی سزائیں ہوں گی، پچیس ہزار یا چوری شدہ ٹیکس کی مالیت کے برابر سو فیصد جرمانہ عائد ہوگا۔ پچاس کروڑ کی ٹیکس چوری پر پانچ سال تک قید کی سزا دی جائے گی ، ایک ارب یا زائد کی ٹیکس چوری یا فراڈ پر دس سال قید کی سزا متعارف کروادی گئی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں