اسلام آباد: وزیر دفا ع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو مذاکرات کے لیے آگے آنا چاہیے۔ ملکی ترقی کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات ضروری ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی پیشکش کی ہے لیکن اس جماعت کے رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے سیاسی مسائل کے حل کے لیے کی گئی پیشکش کو ٹھکرا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد میں فیصلے کرنے چاہیئیں۔ مذاکرات کے ذریعے کئی مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پوری قوم اوراپوزیشن سمیت سیاسی جماعتیں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپریشن عزم استحکام کی حمایت کریں گی۔ آپریشن عزم استحکام ملکی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں۔ اپوزیشن کو چاہیئے کہ وہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپریشن عزم استحکام کی حمایت کرے۔