پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اتوار کو دوپہر 2 بجے مینار پاکستان پر جلسہ کریں گے، ہم مل کر جدوجہد کریں گے اور ملک کو بچائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جنہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد کیا ان سے پوچھا جائےگا، الیکشن سے باہر کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے، میرے اوپر 80 کیسز بنائے گئے ہیں۔ ان لوگوں نے ہر قسم کی کردار کشی کی کوشش کی، توشہ خانہ میں سب دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہوگیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ زمان پارک سے نکلتا ہوں تو زندگی کو خطرہ ہوتاہے، میں آپ سب کی جنگ لڑ رہا ہوں، ملک آج تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔