خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے تین الگ الگ آپریشنز، 5 دہشت گرد ہلاک، پولیس کانسٹیبل شہید

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا صوبہ میں ضلع مہمند، ڈی آئی خان اور شمالی وزیرستان میں الگ الگ آپریشنز میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 28اور 29 جولائی کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ آپریشنز میں کل پانچ دہشت گردوں ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا گیا جس کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ اور اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ ضبط کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کے پی کے پولیس کے پولیس کانسٹیبل ابرار حسین ساکن ضلع صوابی نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی ایک اور کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا اور فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگرد صفت اللہ عرف ملا منصور کو ہلاک کردیا گیا

جبکہ تین دیگر دہشت گرد زخمی ہوگئے۔ صفت اللہ 12 دسمبر 2023 کو درابن میں خودکش بم حملے میں سہولت کاری سمیت علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان ضلع میں ہونے والی تیسری کارروائی میں ایک دہشت گرد کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں