پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے منسوخ شدہ اور جعلی شناختی کارڈ پر جاری سمز بلاک کرنے کی تصدیق کر دی۔
ترجمان پی ٹی اے نے کہا کہ 16 اگست کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد منسوخ شدہ اور جعلی شناختی کارڈ پر جاری سمز بلاک کردی گئی ہیں۔ صارفین نادرا سے نیا شناختی کارڈ لے کر سمز بحال کرا سکتے ہیں، بلاک سمز اصل شناختی کارڈ پر بائیو میٹرک کراکے بحال کرائی جا سکتی ہیں۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق بلاک کی جانیوالی سمز کے حوالے سے اعدادوشمار چند روز میں جاری کیے جائیں گے ۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی اے نے منسوخ شدہ اورجعلی شناختی کارڈز کا ڈیٹا نادرا سے حاصل کیا، ڈیٹا ملنے کے بعد موبائل فون آپریٹرز کو سمز بلاک کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔