سائبر ہراسمنٹ کا سامنا، جمائمہ نے پاکستان سے آنے والی تمام ای میلز بلاک کردیں

پاکستانی سیاست ایک ایسا تحفہ ہے جو ملک چھوڑنے کے 20 سال بعد بھی پیچھا کر رہا ہے۔ قائد پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ کا بیان

پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی سابقہ ​​اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے مبینہ سائبر ہراسمنٹ کی وجہ سے پاکستان سے موصول ہونے والی ای میلز کو بلاک کر دیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مجھ سے کچھ لوگ رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مجھے سائبر ہراساں کرنے کے باعث پاکستان سے آنے والی تمام ای میلز کو بلاک کرنا پڑا۔

جمائمہ کا مزید کہنا ہے کہ بلاشبہ مجھے اس کام کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مایوس مخالفین کی طرف سے اکسایا گیا ہے، پاکستانی سیاست ایک ایسا تحفہ ہے جو ملک چھوڑنے کے 20 سال بعد بھی پیچھا کر رہا ہے، ظاہر ہے چوں کہ ایکس پر اب پاکستان میں ان مایوس مخالفین نے پابندی عائد کر رکھی ہے، صرف وی پی این استعمال کرنے والے افراد ہی میرا پیغام دیکھ سکیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے 1995ء میں لندن کی امیر ترین کاروباری شخصیت جیمز گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائمہ سے شادی کی تھی جو کہ 2004ء میں ختم ہو گئی تھی، سابق وزیراعظم کے پہلی اہلیہ جمائمہ سے 2 بیٹے ہیں، حال ہی میں جمائمہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے دونوں صاحبزادوں، بڑے بیٹے سلیمان عیسیٰ خان کی ویڈیو اور قاسم کی تصویر بطور اسٹوری شیئر کی۔

جمائمہ کی پوسٹ میں دونوں بھائیوں کو کرکٹ کی سفید یونیفارم میں دیکھا جا سکتا ہے، سلیمان خان کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میچ ختم ہونے پر وہ بلّا اٹھائے آ رہے ہیں جب کہ اس دوران ان کی ویڈیو ریکارڈ کی جا رہی ہے، اس پوسٹ کے کیپشن پر جمائمہ نے اپنے بڑے بیٹے کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا ہے جب کہ دوسری پوسٹ پر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے قاسم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اور یہ ہیں بہترین فاسٹ بالر‘۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں