سستے ٹکٹس کی بکنگ 31اگست تک کرائی جاسکے گی، رعایتی کرائے پر 30 ستمبر تک سفر کیا جاسکے گا، کرایوں میں کمی فوری طور پر لاگو کردی گئی ہے
قومی ایئر لائنز پی آئی اے نے کراچی سے سعودی عرب کے دو شہروں جدہ اور مدینہ کیلئے کرایوں میں زبردست کمی کردی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے کراچی سے جدہ اور مدینہ کیلئے کرایوں میں 30 فیصد کمی کردی ہے، پی آئی اے کے کرایوں میں کمی فوری طور پر لاگو کردی گئی ہے۔ کرایوں میں کمی کا فائدہ اٹھانے کیلئے سستے ٹکٹس کی بکنگ 31 اگست تک کرائی جاسکے گی، رعایتی کرائے پر 30 ستمبر تک سفر کیا جاسکے گا۔ کراچی سے جدہ اور مدینہ کیلئے یکطرفہ کرایہ 56ہزار روپے بشمول ٹیکسز ہوگا، جبکہ کراچی سے جدہ اور مدینہ کیلئے دو طرفہ کرایہ 88ہزار روپے بشمول ٹیکسز ہوگا۔
مزید برآں ایک نیوزایجنسی کے مطابق آپریشنل وجوہات کے باعث کراچی سے قومی ائیر لائن کی 3 پروازیں منسوخ ہو گئیں۔
پی آئی اے کے فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے جدہ کی پرواز منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ کراچی سے گوادر کی دو پروازیں بھی منسوخ ہوئی ہیں۔
اس کے علاوہ عراق کے شہر بغداد سے کراچی کی دو پروازوں کی آمد اور روانگی میں 6 گھنٹے کی تاخیر بتائی جا رہی ہے جبکہ ترکیہ کے شہر استنبول سے کراچی کی پروازوں کی آمد و روانگی میں بھی 2 گھنٹے کی تاخیر ہے۔فلائٹ شیڈول کے مطابق لاہور سے جدہ کی پروازوں میں بھی ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر ہے جبکہ پشاور سے جدہ کی پرواز 3 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔