نواز شریف کی صوبائی وزراء کو تمام تر توجہ عوامی منصوبوں پر مرکوز کرنے کی ہدایت

تمام منصوبوں کوبروقت مکمل کیا جائے ، مشکل وقت میں نہ کبھی پہلے عوام کو تنہا چھوڑا اور نہ اب چھوڑیں گے، صدر ن لیگ کاوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ اجلاس سے خطاب

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب کے تمام صوبائی وزراءکو اپنی تمام تر توجہ عوامی منصوبوں پر مرکوز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں،مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف وزیراعلی پنجاب کے آفس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف محکموں کے صوبائی وزراء سمیت محکموں کے سیکرٹریز و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزراءنے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں و دیگر زیر تکمیل منصوبوں پر صدر ن لیگ نواز شریف کو تفصیلا بریفنگ دی۔دوران اجلاس پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں بارے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے تمام صوبائی وزراءکو ہدایات جاری کیں کہ تمام منصوبوں کوبروقت مکمل کیا جائے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں نہ کبھی پہلے عوام کو تنہا چھوڑا اور نہ اب چھوڑیں گے ۔  دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی حکومت سے عوام کی سطح تک ناقابل تردید حقیقت ہے،چینی تعاون سے پاکستان کو معاشی ترقی اور استحکام میں مدد مل رہی ہے۔عوامی جمہوریہ چین کی 75ویں سالگرہ کے گولڈن ویک کے آغاز پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کے عوام کو خصوصی مبارکباد پیش کی ، چینی صدر شی جن پنگ اور ان کے رفقاء کیلئے نیک تمناوں کااظہار کیا۔

اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام برادر ملک چین کی 75ویں سالگرہ کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ چین اور پاکستان مثالی ہمسائے، اچھے دوست اور قابل قدر شراکت دار ہیں۔ چین نے عالمی سطح پر انسانی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے مشترکہ روشن مستقبل کی تعمیر کے ویژن کو فروغ دیا۔انہوں نے کہا کہ چینی تعاون سے پاکستان کومعاشی ترقی اور استحکام میں مدد مل رہی ہے۔ پاکستان اور چین سی پیک کی مشترکہ تعمیر کیلئے پر عزم ہیں۔پاک چین دوستی حکومت سے عوام کی سطح تک ناقابل تردید حقیقت ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں