پی ٹی آئی کی کال کے بعد اسلام آباد پولیس کی طرف سے ریڈ زون کو بھی سیل کیا جا ئیگا، ریڈ زون کو جانے والے راستوں پر کنٹینرز رکھ دیئے گئے، ایکسپریس ہائی وے پر فیض آباد کے مقام پر بھی کنٹینر رکھ دیئے گئے
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کو مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا،ریڈ زون کو جانے والے راستوں پر کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں جبکہ ریڈ زون کو جانے کیلئے صرف مارگلہ روڈ کھلا رکھا گیا ہے۔ایکسپریس ہائی وے پر فیض آباد کے مقام پر بھی کنٹینر رکھ دیئے گئے جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے داخلی راستوں پرمزید کنٹینرز پہنچا دئیے گئے ہیں۔ مارگلہ روڈ 26 نمبر چونگی اور موٹر وے پر بھی کنٹینرز پہنچادئیے گئے ہیں۔پی ٹی آئی کی کال کے بعد اسلام آباد پولیس کی طرف سے ریڈ زون کو بھی سیل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے ڈی چوک اسلام آباد میں متوقع احتجاج کے اعلان کے بعد جڑواں شہروں کی پولیس اور انتظامیہ نے بھی کمر کس لی ہے۔
جڑواں شہروں کے سنگم فیض آباد میں کینٹیرز کی پکڑ دھکڑ شروع ہوگئی ہے۔ پولیس نے فیض آباد فلائی اوور پر درجن سے زائد کنٹینرز روک لئے ہیں۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے مختلف شہروں میں احتجاج کرنے کے اعلان کے بعد کئی اضلاع میں دفعہ 144نافذ کر دی تھی۔ دفعہ 144 نافذ کرنے کے بعد ان شہروں میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنوں، جلسوں اور مظاہروں سمیت احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ مختلف شہروں میں کنٹینرز بھی کھڑے کردیئے گئے ہیں۔
بتایاگیا تھا کہ پنجاب حکومت نے فیصل آباد، بہاولپور ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، چنیوٹ اور جھنگ میں دفعہ 144 نافذ کی تھی۔ میانوالی میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بند کر دی گئی جبکہ رینجرز کی 2 کمپنیاں بھی تعینات کردی گئی تھیں۔دوسری جانب بہاولپور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 100 سے زائد کارکنوں پر مقدمہ درج کر لیا گیا اور 5 کارکنوں کو گرفتار کر لیاگیا۔
پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر صوبے کے 6 اضلاع میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا تھا۔جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی کردیا گیا تھا۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق د فعہ 144 کا نفاذ میانوالی، فیصل آباد، بہاولپور، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں کیا گیا تھا۔ میانوالی میں دفعہ 144 کا نفاذ یکم سے 7 اکتوبر تک کیا گیا تھا جبکہ دیگر 5 روز میں دفعہ 144 کا نفاذ 2 دن کیلئے کیا گیا تھا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام اضلاع میں دفعہ 144 کا نفاذ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا تھا ۔