لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ذہنی مفلوج لوگوں سے کام ہوتا ہے نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہمت کارڈ منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ ہمت کارڈ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا ترجیح ہے۔ صوبے میں 65 ہزارخصوصی افراد کو ہمت کارڈ دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمت کارڈ منصوبے کے لیے 2 ارب 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ ہمت کارڈ کے حامل افراد کو 3 ماہ میں ساڑھے 10 ہزار روپے ملیں گے۔ پنجاب حکومت خصوصی افراد کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہمت کارڈ کے ذریعے میٹرو بس میں فری سفر کی سہولت بھی میسر ہو گی۔
مریم نواز نے کہا کہ کیا وجہ ہے ن لیگ کے دور میں ملک ترقی کرتا ہے۔ اور مسلم لیگ ن کے دور میں موٹرویز بنتی ہیں۔ مہنگائی ن لیگ کے دور میں تیزی سے نیچے جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی 38 فیصد پر تھی۔ لیکن آج مہنگائی مسلسل کم ہو رہی ہے۔ روٹی کی قیمت پہلے 25 روپے تھی اور آج 12 روپے ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پاس جادو کی چھڑی نہیں۔ تاہم ہم ہمیشہ عوام کو ریلیف دینے کا سوچتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کی عوام کے لیے میرا دل دھڑکتا ہے۔ خیبر پختونخوا میں روٹی 25 روپے کی ہو گئی ہے۔ ذہنی مفلوج لوگوں سے کام ہوتا ہے نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا کام صرف جلاؤ گھیراؤ کرنا ہے۔ مجھے فرق نہیں پڑتا لیکن ان کے ہر روز کے ڈراموں سے عوام کی خدمت میں خلل آتا ہے۔ یہ دوسرے صوبے پر حملہ کرنے کے بجائے خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کی جانب سے 20 ہزار شیل پنجاب پولیس پر چلائے گئے۔ اور یہ لوگ پنجاب کے اوپر بار بار حملہ کررہے ہیں۔ مجھے پنجاب کی عوام کی فکرہے تم اپنی فکر کرو۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام مجھے خط لکھتے ہیں۔ کہ خیبر پختونخوا کے عوام کا پیسہ اپنی سیاست چمکانے کے لیے خرچ کیا جا رہا ہے۔ یہ لوگ ایک صوبے کو دوسرے صوبے سے لڑانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔ کسی بھول میں نہ رہنا کیونکہ مجھے دہشت گردوں سے نمٹنا آتا ہے۔