وزارت خزانہ کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی کا بجٹ ختم کر دیا گیا
حکومت کا سی پیک اتھارٹی بند کرنے کا فیصلہ، چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی کا بجٹ ختم کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عملی طور پر سی پیک اتھارٹی کو بند کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خزانہ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی کا بجٹ ختم کر دیا ہے ، گزشتہ مالی سال 2023-2024میں بھی سی پیک اتھارٹی کیلئے بجٹ جاری نہیں کیا گیا۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبے وزارت منصوبہ بندی، وزارت مواصلات اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت مکمل کیے جائیں گے ۔ حکومت نے اتھارٹی کیلئے رواں مالی 2024-2025کیلئے بجٹ کی منظوری نہیں دی۔ وزارت خزانہ نے 2022-2023میں سی پیک اتھارٹی کیلئے تیرہ کروڑ گیارہ لاکھ بجٹ مختص کیا اور اتھارٹی نے 55لاکھ روپے اخراجات کیے تھے ۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا عہدہ گزشتہ چار سال سے خالی تھا۔ واضح رہے کہ شہباز شریف حکومت نے اپریل 2022 میں ہی سی پیک اتھارٹی بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جبکہ اب وزیر اعظم کی جانب سے مختلف وزارتوں کو ختم کرنے کے منصوبے کے سلسلے میں سی پیک اتھارٹی کو بھی باضابطہ طور پر بند کرنے کی منظوری دے دی ہے۔